جنرل باجوہ نے پی ٹی آئی کو سپورٹ کرنے کا کہا تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مونس الٰہی کے موقف کی تائید کردی
لاہور (نیوز پوائنٹ)وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے اتوار کو اپنے بیٹے مونس الٰہی کے بیان کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل باجوہ نے پاکستان مسلم لیگ ق کے اعلیٰ عہدیداروں کو سابق وزیر اعظم عمران خان کی حمایت کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ اس سال مارچ میں مخالفین کی جانب سے عدم اعتماد کی تحریک جمع کرائی گئی تھی۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ اللہ نے آخری لمحات میں ہمارا راستہ بدل دیا اور باجوہ صاحب کو راستہ دکھانے کے لیے فرشتہ بنا کر بھیجا ۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ جنرل باجوہ نے انہیں بتایا کہ عمران خان بہتر آپشن تھے جب انہوں نے سابق آرمی چیف کے سامنے شریفوں کے متعلق اپنے خدشات کا اظہار کیا۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ "میں جانتا تھا کہ وہ ن لیگ مجھے بطور وزیراعلیٰ رہنے نہیں دے گی جیسا کہ انہوں نے ماضی میں مجھے دھوکہ دیا ہے۔
پرویز الٰہی کا مزید کہنا تھا کہ ان کے بیٹے مونس الٰہی نے انہیں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ الائنس میں شامل ہونے کے بجائے پی ٹی آئی کی حمایت پر قائل کرنے میں بہت اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) دونوں نے انہیں وزیر اعلیٰ بننے کی پیشکش کی تھی، تاہم جنرل (ر) باجوہ نے مسلم لیگ ق کو عمران خان کی پارٹی کی مکمل حمایت کرنے کا کہا تھا۔
کچھ لوگ بغیر کوئی وجوہات کے باجوہ صاحب کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں یہ وہی باجوہ صاحب ہیں جنہوں نے تحریک انصاف کے لیے ندیوں کا رخ بدل دیا تھا تب وہ ٹھیک تھے، پر اب وہ ٹھیک نہیں ہیں۔ مجھے ان سے مکمل اختلاف ہے۔
"جب وہ آپ کو ہر طرح کی سپورٹ دے رہے تھے، تو وہ بلکل ٹھیک تھے،" مسلم لیگ ق کے رہنما نے انتہائی حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا وہی باجوہ اب ان کے لیے غدار ہو گیا ہے۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں